چینی اور روسی بحریہ نے بحرالکاہل میں مشترکہ جنگی مشقیں مکمل کر لی ہیں۔ مشقوں میں 3100 کلومیٹر کے دائرے کے تحفظ کی مشق کی گئی۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق مشقوں کے دوران دونوں ممالک کے بحری بیڑے خلیج سوگاروسے گزرے جو جاپانی جزیرے ہونشو اور ہوکائیدو کے درمیان واقع ہے۔
مغربی ذرائع ابلاغ کی جانب سے متعدد سوالات اٹھائے جانے پر جاپانی وزارت دفاع کے ترجمان نے بیان جاری کیا ہے کہ چین اور روسی بحری جہاز بین الاقوامی حدود تک رہے اور ملکی حدود کی پامالی نہیں کی گئی۔
روسی ترجمان کے مطابق مشقوں میں جدید آبدوز شکن بحری جہازوں سمیت دونوں ممالک کے 10 سے زائد جہازوں نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے بحرالکاہل میں چین اور امریکہ کے مابین کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ چین امریکہ پر خطے میں مداخلت اور عدم استحکام کی پالیسیوں کا الزام لگا رہا ہے جبکہ امریکہ مؤقف ہے کہ وہ چینی اثرورسوخ سے اتحادیوں کو محفوظ رکھنے کی کوشش میں ہے۔
امریکہ اس حوالے سے گزشتہ ماہ آسٹریلیا اور برطانیہ کے ساتھ مل کر ایک نئے عسکری اتحاد کا اعلان بھی کر چکا ہے، جو ہندوستان اور جاپان کے ساتھ ہوئے کچھ ماہ قبل کے اتھاد سے مختلف ہے۔