امریکی وزیر دفاع لوئیڈ آسٹن نے مشرق وسطیٰ میں اپنے اتحادیوں کو یقین دلایا ہے کہ امریکہ انہیں اکیلا نہیں چھوڑڑے گا اور انکے تحفظ پر کبھی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ ایران کو حاصل ہونے والی ڈرون ٹیکنالوجی اور بڑھتے استعمال پر امریکی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اس خطے میں سے امریکی افواج اور اتحادیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں، امریکہ اس سے نمٹنے کی حکمت عملی پر کام کر رہا ہے۔
امریکی اعلیٰ عہدے دار کا بیان خلیجی ممالک کی جانب سے بڑھتے تحفظات کے بعد سامنے آیا ہے، جن میں خطے سے امریکی فوج اور دفاعی نظام کو ہٹانے کے امریکی اقدامات پر اتحادیوں کی جانب سے شدید تحفظات کا اظہار کیا جا رہا تھا۔
بحرین میں ایک کانفرنس سے خطاب میں امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ خطے میں ایرانی سرگرمیاں امریکی افواج کے تحفظ اور داعش کے خلاف لڑائی میں رکاوٹ بن رہی ہیں۔ ایران کو حاصل ڈرون ٹیکنالوجی مستحکم مستقبل اور عوامی طیاروں کے لیے بھی خطرہ بن چکی ہے۔ ایسے میں امریکی ہاتھ پہ ہاتھ دھرے نہیں بیٹھ سکتا، مسئلے پر کام کیا جا رہا ہے۔
منامہ مکالمہ کانفرنس میں خطاب سے آسٹن کا مزید کہنا تھا کہ اگرچہ صدر بائیڈن کی پالیسی ہے کہ مسائل سے غیر عسکری، سفارتی طریقوں سے نمٹا جائے گا لیکن اگر ضرورت پڑی تو فوج کے استعمال سے بھی اجتناب نہیں کیا جائے گا، خصوصاً اپنی افواج اور اتحادیوں کے تحفظ کے معاملے میں کبھی سمجھوتا نہیں ہو گا۔
واضح رہے کہ امریکی وزیر دفاع نے خطاب میں افواج کو لاحق خطرات سے متعلق کسی واقع کا ذکر نہیں کیا، مشرق وسطیٰ میں امریکی اتحادیوں کی تیل کی تنصیبات پر حملے تو ایک معمول ہیں، لیکن کچھ ہفتے قبل شام میں امریکہ کے ایک نئے فوجی کیمپ پر ہوئے حملے کی زمہ داری بھی ایران پر عائد کی جا رہی ہے۔ حملے میں ڈرون طیارے استعمال کیے گئے لیکن بروقت اطلاع کے باعث امریکی فوجی کیمپ سے نکلنے میں کامیاب رہے۔ حملے کی زمہ داری ایران نے قبول نہیں کی تھی، اور نہ ہی سرکاری سطح پر امریکہ نے اس کا الزام ایران پر لگایا تھا۔ البتہ امریکی و اسرائیلی اخبارات نے ایران پر الزام لگایا تھا، ان کے مطابق ایرانی کارروائی شام میں ایرانی ملیشیا پر اسرائیلی حملے کا بدلہ تھی۔
وزیر دفاع نے ایرانی جوہری منصوبے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایران نے جوہری سرگرمیاں ترک کرنے کی حامی نہ بھری، اور اسکی گفتگو میں سنجیدگی نظر نہ آئی تو امریکہ اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے تمام نقاط پر غور کرے گا۔
اس موقع پر لوئیڈ آسٹن نے افغانستان میں امن معاہدے اور ملک سے امریکی فوجیوں کے کامیاب انخلاء پر اتحادیوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔