چین کے جنوب مشرقی صوبے فوجیان میں ایک ایسا گاؤں دریافت ہوا ہے جہاں مچھر بالکل نہیں پائے جاتے۔ ڈنگ وولنگ میں ایک قدیم تہذیب ہاکا کے لوگ آباد ہیں، جو ہریالی اور خوبصورت مناظر کے ساتھ ساتھ منفرد طرز کے گھروں کے لیے بھی مشہور ہے۔ اور دنیا بھر سے سیاح یہاں سیر و تفریح کے لیے آتے ہیں۔
ایسے میں اگر مچھر نہ ہوں تو سونے پہ سہاگا ہے۔ سطح سمندر سے سات سو میٹر بلند اس گاؤں میں جو جھیلوں، تالابوں، پہاڑیوں اور ہریالی سے بھرا پڑا ہے سیاح منفرد انداز میں تعمیر گھروں کو دیکھنے آتے ہیں، تاہم جب اس بات کا ادراک کیا گیا کہ یہاں مچھر نہیں ہیں تو قومی ذرائع ابلاغ بھی اس کی خصوصی خبر سازی کے لیے پہنچ گیا۔
قومی ذرائع ابلاغ کی بھرپور توجہ کو بھانپتے ہوئے لوگوں نے مقامی سیاحت کے لیے نیا جواز تراشا اور کہنا شروع کر دیا کہ اس کی وجہ ان کے گاؤں میں موجود مینڈک کی شکل سے مشابہہ ایک خاص پتھر ہے، جسکی وہ لوگ پوجا کرتے ہیں۔ جس پر لوگ اب اس پتھر کو دیکھنے کے لیے بھی ڈنگ وولنگ کا رخ کر رہے ہیں۔
چین میں مچھروں سے نجات کے لئے بھرپور تحقیق کی جا رہی ہے، اور کئی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ایسے میں چینی ماہرین کو اس علاقے پہ بھی تحقیق کرنا چاہیے۔