پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما پلوشہ خان نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے خاموشی سے بھارت کیلئے تجارت کا راستہ کھول دیا ہے، پالیمنٹ کو بھی اعتماد میں نہیں لیا گیا، ہم عمران نیازی سے پوچھتے ہیں کہ کس کے حکم پر بھارت کو نوازا جارہا ہے؟
انہوں نے کہا کہ 5 اگست کو کشمیر کے حوالے سے یہ حکومت ڈرامہ رچائے گی۔ پلوشہ خان نے کہا کہ قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ کے سوالات کا ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا گیا، ذلفی بخاری اشتہاری ہے جو امریکہ میں پاکستان کے بڑے اثاثے روز ویلٹ ہوٹل پر نظریں جمائے ہوئے ہے، یہ تمام وزراء بنارسی ٹھگ ہیں جو عوام کولوٹتے ہیں اور ان کومار بھی رہے ہیں۔
پلوشہ خان نے کہا کہ کلبوشن کا نام یہ حکومت کیوں نہیں لیتی، اس حکومت نے کشمیر کو بھارت کے حوالے کر دیا۔
پلوشہ خان نے کہا کہ احسان اللہ احسان کی بلاول بھٹوزرداری کو دھکمی براہ راست عمران خان سے منسلک ہے، احسان اللہ احسان کا پتہ ہوناچاہیے کہ وہ کہاں ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب میں نفیسہ شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی وبا بن کر حکمرانی کر رہی ہے، 2 سال سے عوام پر مسلط ہے، بلاول بھٹو نے حکومت کی بدعنوانیوں پر نشاندہی کی پر حکومت خاموشی سے دبا رہی ہے، اور کوئی جواب نہیں دے رہی، چیئرمین بلاول بھٹو نے عمران خان کو من چاہی جگہ پر مناظرے کے لیے للکار رکھا ہے، بلاول کا دعویٰ ہے کہ پنجاب اور خیبر میں سندھ کے اسپتالوں جیسا ایک بھی اسپتال دکھا دیں۔
نفیسہ شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ابھی تک ابراج سے متعلق کوئی جواب نہیں دیا، بی آر ٹی اور مالم جبا کی کرپشن پر آج تک کسی نے جواب نہیں دیا، وزیرہوابازی کےبیان کے بعد دنیامیں پی آئی اےکی پروازیں بند کی جارہی ہیں، پروازیں نہ ہونے کی وجہ سے پی آئی اے کو کروڑوں کا نقصان ہو رہا ہے، ڈی جی سول ایوی ایشن کا بیان وزیر کے بیان سے متضاد ہے۔
نفیسہ شاہ نے کہا کہ احسان اللہ احسان کے فوج کے محفوظ ٹھکانے سے فرار ہونے کا کوئی جواب نہیں ملا۔