وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے فیس بک کے مالک مارک زکر برگ کو خصوصی خط میں ویب سائٹ سے تمام اسلاموفوبک مواد ہٹانے کا لکھا ہے۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ دنیا بھر کے مسلمان یہودیوں کی نسل کشی کے مترادف حالات سے گزر رہے ہیں۔
عمران خان نے خط میں فیس بک کے حالیہ فیصلے کی ستائش کی جس میں ہولوکاسٹ سے متعلق مواد کو ہٹانے کی پالیسی کا اعلان کیا گیا تھا، اور وزیر اعظم نے کہا ہے کہ اسی بنیاد پر اسلام کے خلاف نفرت پر مبنی مواد کو ہٹانے کی پالیسی بھی بنانا ہو گی۔
وزیر اعظم عمران خان نے زکر برگ کو خط میں کہا ہے کہ میں آپ کے ہولوکاسٹ کو غلط ماننے یا اس پر تنقید کرنے کے خلاف مواد کو ہٹانے کے فیصلے کو سراہتا ہوں، نازیوں نے جرمنی اور یورپ بھر میں یہودیوں کی نسل کشی کی، ان کے خلاف نفرت پھیلائی، اور اب اسی طرز پر مغربی دنیا میں اسلام کے خلاف نفرت پھیلائی جا رہی ہے، اور اس میں سماجی میڈیا ویب سائٹوں کا بڑا کردار ہے۔ نفرت پر مبنی مواد کسی کے بھی خلاف ہو اسے بند کرنا ہو گا۔
وزیر اعظم عمران خان نے خط میں ہندوستان میں مسلمانوں کے خلاف جاری نفرت اور متعصب قوانین کا حوالہ بھی دیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ فرانس میں اسلام کو دہشت گردی سے جوڑنے کی حکومتی مہم کو بھی نفرت پھیلانے کی کوشش قرار دیا ہے۔ عمران خان نے خط میں واضح لکھا ہے کہ فرانس کی جانب سے توہین رسالت پر مبنی خاکوں کی ستائش اسلام پر حملے کے مترادف ہے۔