چین کی تیل اور گیس کے ذخائر تلاش کرنے والی کمپنی پیٹرو چائینہ نے گیس کا ایک بڑا ذخیرہ دریافت کیا ہے۔ چینی نشریاتی ادارے ژینہووا کے مطابق کمپنی کو 100 ارب کیوبک میٹر گیس کا ذخیرہ ملا ہے، جس سے یومیہ 6 لاکھ دس ہزار کیوبک میٹر گیس اور 106 کیوبک میٹر خام تیل نکالا جا سکے گا۔
گیس کا ذخیرہ چین کے شمال مغربی مسلم اکثریتی علاقے سنکیانگ میں دریافت ہوا ہے۔ اس علاقے سے کمپنی کے مدیر نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں کہا ہے کہ دریافت خطے کی سب سے بڑی معدنی دریافت ہے، اس سے علاقے کی فلاح و بہبود میں مدد ملے گی، اور ملک کو توانائی کے میدان میں مزید خودمختاری حاصل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
چینی کمپنی اب تک سالانہ 30 ارب کیوبک میٹر گیس نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور آئندہ سال میں اسکا ہدف 31 اعشاریہ 6 ارب کیوبک میٹر تک لے جانے کا ہے، جو چین کی مجموعی گیس پیداوار کا چھٹا حصہ ہے۔
یاد رہے کہ چین قدرتی گیس کا سب سے بڑا درآمدکنندہ ہے، عالمی مارکیٹ میں گیس کی قیمت میں اتار چڑھاؤ میں بھی چین کا اہم کردار ہے، چین کی بڑھتی طلب دنیا بھر میں گیس کی قیمتوں کو بڑھانے کا باعث بنتی ہے۔ دوسری طرف اپنی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے چین توانائی کے ذخائر تلاش کرنے والا سب سے بڑا ملک بھی بن گیا ہے۔