ہسپانیہ کے دارلحکومت میڈرڈ کے مرکزی علاقے میں سلنڈر/گیس دھماکے میں تین افراد ہلاک، متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ دھماکے میں ایک عمارت مکمل طور پر تباہ جبکہ کچھ کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
دوپہر کے تین بجے ہوئے دھماکے میں عمارت کے اردگرد کھڑی گاڑیاں بھی تباہ ہو گئیں۔ شہریوں کی جانب سے انٹرنیٹ پر شائع کی گئی تصاویر اور ویڈیوؤں میں کئی گھنٹوں تک عمارت سے دھواں اٹھتے دیکھا جا سکتا ہے۔
شہری انتظامیہ کے مطابق امدادی عملے کے 8 گروہ فوری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی تھیں جبکہ دھماکے کی تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔
مزید اطلاعات کے مطابق عمارت میڈرڈ کے کیتھولک کلیسے کے پادری کی ملکیت ہے، جبکہ اس کے اردگرد کی عمارتوں میں بھی بزرگوں کے فلاحی مراکز قائم ہیں۔
شہری انتظامیہ نے امدادی عملے کی جانب سے مزید دھماکوں کی جاری تنبیہ کے باعث اردگرد کی عمارتوں کو خالی کروا لیا ہے۔