فرانس میں شعبہ طب کا عملہ حکومت پر بداعتمادی کا اظہار کرتے ہوئے کووڈ-19 کی ویکسین لگوانے سے اجتناب کر رہا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق عملے کا 50٪ ویکسین سے متعلق تذبذب کا شکار ہے اور ویکسین لگوانے کے حق میں نہیں ہے، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسئلہ آگاہی کی کمی کی وجہ سے ہے جبکہ تجارتی اتحاد کے ارکان کا کہنا ہے کہ شہریوں کو حکومت پر اعتماد نہیں ہے۔
یاد رہے کہ فرانسیسی شہری یورپی اقوام میں ویکسین کے حوالے سے سب سے زیادہ بداعتمادی کا شکار ہے۔ ایک نئے سروے کے مطابق ہر دس میں سے چار شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ ویکسین نہیں لگوائیں گے۔ جبکہ طبی عملے میں یہ تعداد اس سے بھی زیادہ ہے۔
فرانس میں بزرگ افراد کی کووڈ سے متاثر ہونے کی شرح اور موت کی شرح بھی لوگوں میں حکومت کے خلاف بداعتمادی میں اضافے کا باعث بن رہی ہے۔ ملک میں اب تک وائرس سے 87 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں، جن میں سے 25 ہزار بزرگ افراد تھے۔
سنجیدہ صورتحال کے باوجود طبی عملہ ویکسین لگوانے کے حق میں نہیں ہے، تاہم حکومت کا کہنا ہے کہ ایسا صرف طبی عملے کی مصروفیت کی وجہ سے انکی آگاہی میں کمی کی وجہ سے ہے، انتظامیہ نے اگاہی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے اور پرامید ہے کہ جلد مسئلے کا حل نکل آئے گا۔
میڈیا سے گفتگو میں ایک نرس کا کہنا تھا کہ عملہ ویکسین کے بعدازاثرات کے حوالے سے پریشان ہے، اور چاہتا ہے کہ ویکسن کو پہلے خود لگوانے کے بجائے مزید معلومات کے سامنے آنے کا انتظار کرے۔ واضھ رہے کہ فرانسیسی طبی عملہ ویکسین کی اثرانگیزی کے حوالے سے بھی شدید تذبذب کا شکار ہے، امریکی ویکسین فائزر کو اسٹرازینیکا سے بہتر سمجھا جا رہا ہے۔ فرانسیسی صدر ایمینؤل میخرون بھی ایک موقع پر اسٹرازینیکا کو بزرگ افراد پر بے اثر کا بیان دے چکے ہیں۔
طبی عملے کے مطابق 35 سال سے زائد عمر کے افراد میں اسٹرازینیکا ویکسین لگوانے کے بعد انفلوئنزہ کی طرز پر شدید بخار اور جسم میں درد کی شکایت ہے۔ تاہم فرانسیسی انتظامیہ بضد ہے کہ عملہ غلط معلومات کا شکار ہے۔ انکا کہنا ہے کہ طبی عملے میں پائی جانے والی غلط معلومات کے حوالے سے کام کیا جا رہا ہے اور جلد اس کا سدباب کر لیا جائے گا۔ وزیر صحت نے عملے کو مخاطب کرتے ہوئے خصوصی پیغام جاری کیا ہے جس میں عملے پر زور دیا ہے کہ ویکسین ہماری مشترکہ سکیورٹی کے لیے ناگزیر ہے، ملک کے نظام صحت کو ناکامی سے بچانے کے لیے طبی عملے کو سمجھداری کا مظاہرہ کرنا ہو گا، اور فوری ویکسین کی طرف جانا ہو گا۔
فرانس کے قومی مرکز برائے طب نے حکومت کو سفارش کی ہے کہ طبی عملے کے لیے ویکسین کو لازم قرار دینے کی قانون سازی کی جائے، جس پر طبی عملے نے سخت ردعمل دیا ہے، اور ایسی پالیسی متعارف کرنے پر خدمات چھوڑنے کی دھمکی دی ہے۔