اقوام متحدہ کے معتمد انتونیو گوتریز کی جانب سے بھی امریکہ میں ایک سیاہ فام امریکی کی پولیس افسر کے ہاتھوں ہلاکت کے ردعمل میں جاری احتجاجی مظاہروں، لوٹ مار اور بے امنی پر تحفظات کا اظہار سامنے آیا ہے۔ ٹویٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے مرکزی دفاتر کے میزبان ملک امریکہ اور شہر نیویارک میں امن کی یوں بگڑتی صورتحال دیکھ کر میں شکستہ دل ہوں۔
انہوں نے ٹرمپ انتظامیہ اور مظاہرین دونوں کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ نسلی تعصب ایک قابل نفرت عمل ہے، انسانی معاشرے میں جداگانگی صحت مند تنوع کا باعث ہوتی ہے۔ ہمیں نسلی تعصب کو مسترد کرنا چاہیے اور تنوع سے قطعاً خوف نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے عالمی قیادت سے درخواست کی کہ معاشروں میں ہم آہنگی کے لیے سرمایہ کاری کریں تاکہ کوئی بھی خود کو الگ تھلگ محسوس نہ کرے، تفریق اور تعصب کو زیر بحث لائیں اس سے ڈریں مت، تاکہ معاشرتی مظبوطی کو یقینی بنایا جا سکے۔
مظاہرین کے لیے اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ مظاہرے پر امن اور تشدد کے بغیر ہونے چاہیے، اور انتظامیہ کو بھی شدید ردعمل کے راستے کو اپنانے سے گریز کرنا چاہیے۔