عالمگیریت کا دور ختم، انتشار شروع: جرمن بینک کی پیشن گوئی
جرمن بینک نے ایک تحقیقاتی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ عالمگیریت کا 40 سالہ دور ختم ہو رہا ہے اور اب انتشار کا دور شروع ہونے والا ہے۔
بینک کے مالیاتی ماہرین نے رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ انتشار کے آئندہ دس سال انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، جس میں معیشت اور سیاست دونوں ہی بدل جائیں گی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صنعتی انقلاب کے دوسرے دور یعنی 1980 سے 2020 کے دوران ہونے والی اثاثہ جات کی مالیت میں ترقی تاریخی تھی، جو انسانی تاریخ میں کبھی بھی حاصل نہیں ہوئی۔ اور انتشار کا آنے والا دور نہ صرف یہ کہ اسے برقرار نہیں رکھ سکتا بلکہ یہ اس ترقی کو کھا جائے گا۔
سالانہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2020 سے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا، جسے ایک نئے عظیم نظام کا چکر کہا گیا ہے۔ ماہرین نے رپورٹ میں کہا ہے کہ نظام کی تبدیلی اثاثہ جات کی مالیت، معیشتوں، سیاست اور یہاں تک کہ رہن سہن کو بھی بدل دے گا۔
ماہری...